Baaghi TV

پی ٹی آئی کی مینارِ پاکستان جلسے کی درخواست مسترد

حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 5 اگست کو مینارِ پاکستان میں جلسہ کرنے کی اجازت کی درخواست مسترد کر دی، جس کے بعد معاملہ لاہور ہائی کورٹ میں زیر سماعت آیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما میاں عثمان اکرم کی درخواست پر جسٹس مرزا وقاص رؤف نے سماعت کی۔ دورانِ سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ نے مینارِ پاکستان میں جلسے کی اجازت دینے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ اگر مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی تو پارٹی کو کسی متبادل مقام پر جلسہ کرنے کی اجازت فراہم کی جائے۔جسٹس مرزا وقاص رؤف نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ڈپٹی کمشنر لاہور سے رابطہ کرکے عدالت کو آگاہ کریں کہ آیا مینارِ پاکستان کے علاوہ کسی دوسرے مقام پر جلسے کی اجازت دی جا سکتی ہے یا نہیں۔عدالت نے ڈپٹی کمشنر سے اس حوالے سے فوری ہدایات حاصل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دی۔پی ٹی آئی کی جانب سے متبادل مقام کی فراہمی کی درخواست پر عدالت آئندہ کارروائی میں ضلعی انتظامیہ کا مؤقف سننے کے بعد مزید فیصلہ کرے گی۔

More posts