وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ستھرا پنجاب سے متعلق خصوصی جائزہ اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھر میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کے لیے متعدد اہم ہدایات جاری کی گئیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مارکیٹوں، بازاروں اور کمرشل ایریاز میں یکساں طرز کی ڈسٹ بن اور گاربیج بیگز استعمال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کمرشل علاقوں سے ویسٹ اٹھانے کے لیے باقاعدہ اوقات کار مقرر کیے جائیں۔ انہوں نے صبح 5 بجے مرکزی شاہراہوں کی دھلائی اور صفائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔مریم نواز شریف نے مختلف علاقوں میں موجود خالی پلاٹوں کی صفائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور ہسپتالوں کے گرد و نواح میں صفائی کے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعلیٰ نے پارکس اور گرین بیلٹس میں بھی صفائی یقینی بنانے، خالی منرل واٹر بوتلیں، جوس کے ڈبے اور دیگر کچرا فوری ہٹانے کا حکم دیا۔ صوبے بھر میں ریلوے ٹریک کے اردگرد شہری علاقوں میں صفائی کے لیے بھی مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں کی روزانہ اور بروقت صفائی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ کنٹریکٹرز اور ایم ڈی واساز سے مسلسل رابطے اور ملاقاتیں کرنے کی ہدایت کی گئی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب ورکرز کو ہر ماہ کی 5 تاریخ تک تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے ستھرا پنجاب کمپنیوں سے ورکرز کو ادائیگی کی ماہانہ رپورٹ طلب کرتے ہوئے تنخواہوں میں تاخیر کی صورت میں فوری کارروائی کی ہدایت کی،انہوں نے ستھرا پنجاب کے کنٹریکٹرز کی واجب الادا رقوم بھی جلد از جلد ادا کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ صفائی ورکرز کی تنخواہوں کی ادائیگی میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے علاقائی ضروریات کے مطابق صفائی ورکرز اور مکینیکل مشینری کی ضروریات پوری کرنے کی بھی ہدایت کی، جبکہ صوبہ بھر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سوشل سروسز کو صفائی کی صورتحال کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری سونپی گئی۔
مریم نواز شریف نے شہروں کی سبزیوں اور فروٹ منڈیوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مین روڈز کے ساتھ ساتھ گلی محلوں کی صفائی بھی انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے ستھرا پنجاب کی گاڑیوں، کنٹینرز اور ویسٹ کلیکشن پوائنٹس کی باقاعدگی سے صفائی یقینی بنانے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے فیلڈ مانیٹرنگ افسران کے لیے یکساں یونیفارم اور موٹر سائیکلوں کی برانڈنگ کی ہدایت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب میں ورکر سے افسر تک ہر سطح پر کارکردگی جانچنے کے لیے ایس او پیز تشکیل دیے جائیں۔مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کی صورت میں کنٹریکٹرز کو جرمانہ عائد کرنے سے قبل 24 گھنٹے میں صورتحال بہتر بنانے کا موقع دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جرمانہ کرنا حکومت کا مقصد نہیں بلکہ صفائی یقینی بنانا اصل ہدف ہے۔ تاہم ستھرا پنجاب میں کام نہ کرنے والوں کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ستھرا پنجاب ان کے دل کے بہت قریب ہے اور مزید بہتر نتائج کے لیے مزید محنت کرنا ہوگی۔اجلاس میں صفائی کے حوالے سے مختلف اضلاع کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور، خانیوال، اوکاڑہ، اٹک، قصور، مری اور دیگر علاقوں کی بہتر کارکردگی پر شاباش دی، جبکہ فیصل آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور دیگر اضلاع کو کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے ستھرا پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے سات روز بعد دوبارہ اجلاس طلب کر لیا۔
