Baaghi TV

کوئٹہ،وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان (این اے پی) کی صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس جاری ہے، جس میں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور انسداد دہشت گردی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان شریک ہیں۔اس کے علاوہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ بھی اجلاس میں موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک بالخصوص بلوچستان اور دیگر حساس علاقوں میں امن و امان کی صورتحال، دہشت گرد تنظیموں کے خلاف جاری کارروائیوں اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں اہم فیصلوں کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے، جبکہ نیشنل ایکشن پلان پر مؤثر عملدرآمد، وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے جامع حکمت عملی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے آئندہ لائحہ عمل بھی مرتب کیا جائے گا۔

More posts