Baaghi TV

راولپنڈی: حنا جاوید قتل کیس، پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

راولپنڈی کے علاقے لال کڑتی میں 45 سالہ خاتون حنا جاوید کے قتل کیس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مقتولہ کا پوسٹ مارٹم موت کے تقریباً 12 گھنٹے بعد ڈاکٹر ماریا خالد نے کیا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حنا جاوید کی گردن کی ہڈی ٹوٹی ہوئی تھی، جبکہ پسلیوں اور کولہے کی ہڈی پر بھی زخموں کے نشانات پائے گئے۔رپورٹ کے مطابق مقتولہ کی پیریکارڈیئم، یعنی دل کے گرد موجود جھلی، خون سے بھری ہوئی تھی۔مقتولہ کے ڈی این اے کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ ابتدائی طور پر موت کی حتمی وجہ کا واضح تعین نہیں ہوسکا۔ مزید فرانزک تجزیے کے لیے لاش سے حاصل کیے گئے نمونے بھی فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک کے لیے حاصل کیے گئے نمونے لیڈی کانسٹیبل رافعہ تبسم نے وصول کیے۔

واضح رہے کہ حنا جاوید کے قتل کا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ سول لائنز میں مقتولہ کے بھائی فہد جاوید کی مدعیت میں درج ہے۔ پولیس نے مقتولہ کے شوہر اور گھریلو ملازم کو گرفتار کرکے تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر رکھا ہے۔پولیس کی جانب سے ڈاکٹر کو فراہم کی گئی ابتدائی رپورٹ کے مطابق مقتولہ کو مبینہ طور پر اس کے شوہر نے پھندا دے کر لٹکایا تھا۔

More posts