وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گمراہ لوگ ہتھیار ڈال دیں، ریاست کو اپنی رٹ بحال کرنا آتی ہے۔
کوئٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے، بلوچ کو لاحاصل جنگ میں ڈالا گیا، بندوق کے ذریعہ کوئی مقصد حاصل نہیں کیا جاسکتا، ریاست کے دروازے آپ کے لیے کھلے ہیں، بندوق اٹھانے والے واپس آجائیں،جہاں ظلم ہوگا میں وہاں کھڑا ہوں گا، شہداء کے ورثاء کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، آزادی کی نام نہاد جنگ نے سب کچھ تباہ کیا۔
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کو بگٹی قوم کا 8واں چیف آف بگٹی منتخب کر لیا گیا،چیف کی دستاربندی کی تقریب ڈیرہ بگٹی میں وزیرِ اعلیٰ سرفراز بگٹی کے آبائی گھر پر ہوئی جس میں بگٹی قبائل کے عمائدین اور معزز شخصیات نے شرکت کی، بگٹی قوم کے سربراہ نواب میر عالی بگٹی کے بھائی نوابزادہ زامران بگٹی نے بلوچی روایات کے مطابق سرفراز بگٹی کو دستار پہنائی، چھ ذیلی قبائل کے چیفس اور دیگر قبائل کے سربراہان کی موجودگی میں وہ چیف آف بگٹی مقرر ہوئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بگٹی قوم کی خدمت، انصاف اور اتفاقِ رائے ترجیحات اور ذمہ داری ہے، علاقے میں دانش اسکول کے لیے وزیراعظم کے مشکور ہیں، دانش اسکول کے ٹینڈرز ہو چکے ہیں، تکمیل جلد ہوگی، بلوچستان کے بچے بڑے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
