پاکستان میں آج رات سے مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ داخل ہونے جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سلسلہ 30 دسمبر سے مزید شدت اختیار کرے گا اور اس کے اثرات 2 سے 3 روز تک برقرار رہ سکتے ہیں۔
آج سے ملک کے مختلف علاقوں میں بادل برسنے کی توقع ہے، جبکہ آج رات مغربی ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔ اس موسمی نظام کے باعث بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔موسمی صورتحال کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق مغربی ہواؤں کے اس سلسلے میں 30 دسمبر کو نمایاں شدت آنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہری اور پہاڑی علاقوں میں موسمی اثرات زیادہ ہو سکتے ہیں۔
ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے، ریسپانس ٹیمیں تیار رکھنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کے اثرات 2 جنوری کی صبح تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال سے آگاہ رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بالخصوص پہاڑی علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
