میئر لندن صادق خان نے عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں پاکستان نے نہایت اہم اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے کہ دونوں حریف ممالک پاکستان پر اعتماد کر رہے ہیں۔
لندن کے معروف ٹریفالگر اسکوائر میں بیساکھی میلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صادق خان نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششیں نہ صرف قابل تعریف ہیں بلکہ ہر پاکستانی کے لیے باعث فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں جب دنیا کو امن کی اشد ضرورت ہے، پاکستان کا کردار امید کی ایک کرن بن کر سامنے آیا ہے۔
صادق خان نے اپنے خطاب میں ایک دلچسپ نکتہ بھی اٹھایا اور کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جو عام طور پر کسی کی تعریف نہیں کرتے، وہ بھی ان دنوں پاکستان کی تعریف کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ بات اس امر کی واضح نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے لوگ چاہتے ہیں کہ موجودہ جنگ بندی مستقل شکل اختیار کرے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر خطے میں امن قائم ہوتا ہے تو اس کے مثبت اثرات عالمی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے۔
صادق خان کی پاکستان کی سفارتی کامیابی پر تعریف
