Baaghi TV

وہاڑی میں صحافی پر تشدد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

dg khan

ڈیرہ غازی خان ،رپورٹ،شاہد خان
پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کی بھرپور مذمت رنگ لے آئی، ضلع وہاڑی میں صحافی پر تشدد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ متعلقہ اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی باقاعدہ طور پر شروع کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل ضلع وہاڑی میں فرائض کی انجام دہی کے دوران ایک صحافی کو مبینہ طور پر محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس پر صحافتی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا تھا۔ اس واقعہ کے خلاف پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن رجسٹرڈ نے بھرپور آواز بلند کی اور ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر جنوبی پنجاب و ممبر سپریم کونسل شیخ رمضان ندیم نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحافیوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور آواز ہوتے ہیں، اور ان پر حملہ دراصل آزادی صحافت پر حملہ ہے۔

شیخ رمضان ندیم نے مزید کہا کہ تنظیم نے ہمیشہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی کسی قسم کی زیادتی پر خاموش نہیں رہا جائے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملوث اہلکاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام انصاف کی فراہمی کی جانب مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسی طرح فوری ایکشن لیا جاتا رہا تو صحافی برادری خود کو زیادہ محفوظ تصور کرے گی۔آخر میں انہوں نے ملک بھر کے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور حق و سچ کی آواز بلند کرتے رہیں، کیونکہ ایک مضبوط اور متحد صحافتی برادری ہی اپنے حقوق کا بہتر تحفظ کر سکتی ہے۔

More posts