Baaghi TV

سلمان خان دھوکا دہی کیس میں عدالت طلب، 5 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم

salman khan

بھارت کے شہر چندی گڑھ کی ضلعی عدالت نے بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان، ان کی بہن الویرا خان اگنی ہوتری اور اسٹائل اینڈ کنٹینٹ جیولری پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹرز کو مبینہ دھوکا دہی کے مقدمے میں طلب کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے تمام نامزد افراد کو 5 اکتوبر کو عدالت میں پیش ہو کر الزامات کے حوالے سے اپنا جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق یہ مقدمہ چندی گڑھ کے تاجر ارون گپتا کی درخواست پر دائر کیا گیا، جن کا مؤقف ہے کہ انہیں "بینگ ہیومن” جیولری شوروم کھولنے کے لیے جھوٹے وعدوں اور کاروباری یقین دہانیوں کے ذریعے سرمایہ کاری پر آمادہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں انہیں کروڑوں روپے کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ارون گپتا نے شوروم کے قیام پر تقریباً 3 کروڑ بھارتی روپے کی سرمایہ کاری کی، جن میں سے ایک کروڑ روپے شوروم کی تعمیر، تزئین و آرائش اور تیاری پر خرچ کیے گئے۔

شکایت کے مطابق شوروم کے افتتاح کے بعد کمپنی نے معاہدے کے مطابق کاروباری معاونت فراہم نہیں کی، جبکہ فروری 2020 سے جیولری فراہم کرنے والا مرکزی اسٹور بند ہونے کے باعث کاروبار شدید متاثر ہوا اور سرمایہ کاری نقصان میں تبدیل ہو گئی۔خواست گزار نے مزید الزام عائد کیا ہے کہ کمپنی سے وابستہ چھ افراد نے غلط معلومات اور گمراہ کن وعدوں کے ذریعے انہیں سرمایہ کاری پر آمادہ کیا۔

دوسری جانب اسٹائل اینڈ کنٹینٹ جیولری پرائیویٹ لمیٹڈ پہلے ہی ان الزامات کی تردید کر چکی ہے۔ کمپنی کا مؤقف ہے کہ 2018 کے معاہدے میں سلمان خان کا براہِ راست کوئی کردار نہیں تھا، جبکہ "بینگ ہیومن” برانڈ کا لائسنس 2015 میں سلمان خان فاؤنڈیشن کی جانب سے دیا گیا تھا اور جیولری کے کاروبار کی تمام انتظامی و تجارتی ذمہ داری کمپنی پر عائد تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق مقدمے کی آئندہ سماعت 5 اکتوبر کو ہوگی، جس دوران عدالت نامزد افراد کے مؤقف اور جمع کرائے گئے جوابات کا جائزہ لے گی۔

More posts