سعودی عرب نے کراچی کے گل پلازہ میں ہونے والی ہولناک آتشزدگی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کا برادر اور دوست اسلامی ملک ہے، اور اس المناک سانحے پر سعودی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
بیان میں واقعے میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی گئی جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا۔
واضح رہے کہ کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں 17 جنوری کی رات خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی۔ حکام کے مطابق اب تک 27 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ 81 کے قریب افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
محکمہ فائر بریگیڈ نے اعلیٰ حکام کو بریفنگ میں بتایا کہ گل پلازہ کم و بیش پونے دو ایکڑ رقبے پر مشتمل شاپنگ سینٹر تھا، جس میں 1200 سے زائد دکانیں موجود تھیں اور آگ ایک ہی وقت میں متعدد حصوں میں پھیل گئی تھی۔
کراچی کے گل پلازہ میں آتشزدگی پر سعودی عرب کا گہرے افسوس کا اظہار
