Baaghi TV

سوئٹزرلینڈ، نئے سال کی تقریب، اسکی ریزورٹ میں آتشزدگی، متعدد افراد ہلاک

سوئٹزرلینڈ کے جنوبی علاقے میں واقع مشہور الپائن اسکی ریزورٹ کرانس مونٹانا میں نئے سال کی تقریب کے دوران لگنے والی آگ کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک جبکہ کئی زخمی ہو گئے۔

ویلے کینٹن کی پولیس کے ترجمان گیٹن لیتھیون کے مطابق یہ واقعہ یکم جنوری 2026 کی صبح تقریباً ڈیڑھ بجے پیش آیا، جب کرانس مونٹانا میں واقع "لے کانسٹیلیشن لاؤنج بار” میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اس وقت بار میں نئے سال کی مناسبت سے ایک تقریب جاری تھی۔پولیس ترجمان نے تصدیق کی کہ آگ کے نتیجے میں کئی افراد زخمی اور کئی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، تاہم ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی حتمی تعداد تاحال جاری نہیں کی گئی۔ واقعے کی وجوہات کے بارے میں بھی فی الحال کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

کرانس مونٹانا کا شمار سوئٹزرلینڈ کے مہنگے اور اعلیٰ درجے کے سیاحتی مقامات میں ہوتا ہے، جہاں ہر سال بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاح نئے سال کی تقریبات منانے آتے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق اس افسوسناک واقعے سے متعلق پولیس اور کینٹن کے پبلک پراسیکیوٹر مشترکہ طور پر صبح 10 بجے (یورپی وقت) ایک پریس کانفرنس کریں گے، جس میں مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔

More posts