Baaghi TV

چولستان میں شدید خشک سالی، پانی کے ذخائر ختم، مویشی اور خانہ بدوش متاثر


صادق آباد سے ملحقہ چولستان کے علاقوں میں شدید خشک سالی نے صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے۔ طویل عرصے سے بارش نہ ہونے کے باعث قدرتی پانی کے ذخائر خشک ہو چکے ہیں، جس سے مویشیوں اور خانہ بدوش آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
‎مقامی افراد کے مطابق چولستان میں موجود ٹوبے، جو جانوروں اور خانہ بدوش خاندانوں کے لیے پانی کا بنیادی ذریعہ ہوتے ہیں، مسلسل خشک موسم کے باعث مکمل طور پر سوکھ چکے ہیں۔ پانی کی قلت کے باعث مویشی پیاس کا شکار ہیں جبکہ چرواہے پانی کی تلاش میں ایک علاقے سے دوسرے علاقے کی جانب نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔
‎نوالہ ٹوبہ اور مرزا والا ٹوبہ سمیت کئی بڑے ٹوبے مکمل طور پر خشک ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ لانجہ والا، مکوڑا والا، چھایا والا، جیون والا اور راجر والا ٹوبوں میں بھی پانی ختم ہو گیا ہے، جس سے پورے خطے میں بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔
‎پانی کی شدید کمی کے باعث مقامی آبادی میں نقل مکانی کا عمل شروع ہو چکا ہے اور کئی خاندان اپنے مویشیوں کے ساتھ محفوظ علاقوں کی جانب روانہ ہو رہے ہیں۔ مقامی افراد کو خدشہ ہے کہ اگر فوری امدادی اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مکمل خشک سالی میں تبدیل ہو سکتی ہے۔
‎متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں نے چولستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے فوری طور پر پانی کی فراہمی اور امدادی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے، کیونکہ حالات تیزی سے بگڑتے جا رہے ہیں۔

More posts