لاہور: پیپلز پارٹی نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاری اور صوبے میں پارٹی کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے فریال تالپور کو اہم ذمہ داری دے دی۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہدایت پر فریال تالپور نے پنجاب میں سیاسی اور تنظیمی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ انہیں صوبے کی سیاسی صورتحال اور پارٹی تنظیم سے متعلق اہم امور پر بریفنگ بھی دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز اور فریال تالپور کے درمیان سیاسی مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
فریال تالپور نے گزشتہ چار روز کے دوران پیپلز پارٹی وسطی اور جنوبی پنجاب کی تنظیموں کے رہنماؤں سے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقاتیں کیں، جن میں صوبے کی سیاسی صورتحال، بلدیاتی انتخابات اور پارٹی کی تنظیمی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فریال تالپور نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ سال کے آخر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لیا جائے اور ہر بلدیاتی حلقے میں پارٹی امیدوار میدان میں اتارے جائیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق ماضی میں پیپلز پارٹی چھوڑنے والے رہنماؤں اور کارکنوں کو دوبارہ جماعت میں شامل کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں، جبکہ پنجاب کے ہر ضلع میں سیاسی طور پر مضبوط اور بااثر شخصیات سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فریال تالپور نے کہا ہے کہ جہاں بھی پارٹی کو ان کی ضرورت ہوگی، وہ خود سیاسی شخصیات سے ملاقات کے لیے پہنچیں گی۔
ذرائع کے مطابق فریال تالپور جلد پنجاب کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گی اور ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر پارٹی تنظیموں کے عہدیداروں اور رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گی۔
