Baaghi TV

شہباز شریف کی ملائشیا کے وزیراعظم سے فون پرعیادت اور پاکستان کے دورہ کی دعوت

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور بن ابراہیم سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعاون میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں وزرائے اعظم نے بالخصوص باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال، خصوصاً خلیج کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملائیشین وزیراعظم ڈاکٹر انور ابراہیم نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، رہنمائی اور قابلِ تحسین اقدامات پر اظہارِ تشکر کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مسلسل حمایت پر اپنے ملائیشین ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کے فروغ کے لیے ملائیشیا سمیت تمام برادر اور دوست ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں مزید آگے بڑھائی جائیں گی۔

دونوں رہنماؤں نے مستقبل قریب میں باہمی طور پر موزوں موقع پر ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین ہم منصب ڈاکٹر انور ابراہیم کو اپنی سہولت کے مطابق جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دہرائی۔

More posts