وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں سعودی کاروباری وفد نے ملاقات کی، جس میں اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین اور سعودی ولی عہد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقتصادی تعلقات کو اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔
شہباز شریف نے ترجیحی شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جی ٹو جی اور بی ٹو بی تعاون کے لیے یہ موزوں ترین وقت ہے۔
شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کاروباری روابط مزید گہرے کرنے میں سعودی حکومت اور کاروباری برادری کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں زراعت، بندرگاہوں، آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سعودی وفد کا موجودہ دورہ مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی راہ ہموار کرے گا۔
سعودی کاروباری وفد پاکستان میں اعلیٰ حکومتی نمائندوں اور نجی شعبے کے اہم اسٹیک ہولڈرز سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔
