Baaghi TV

ایس سی او اجلاس، پاکستان، چین، ایران اور روس کے وزرائے خارجہ اگلے ہفتے بشکک میں جمع ہوں گے

‎شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس اگلے ہفتے کرغزستان کے دارالحکومت بشکک میں منعقد ہوگا، جس میں پاکستان، چین، ایران اور روس سمیت رکن ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ اجلاس میں آئندہ ہونے والے سربراہی اجلاس کی تیاریوں اور خطے سے متعلق اہم امور پر مشاورت کی جائے گی۔
‎ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار 24 جولائی کو ہونے والے ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے بشکک جائیں گے۔ اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان علاقائی تعاون، سلامتی، تجارت، رابطہ کاری اور دیگر باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
‎ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی بھی اجلاس میں شرکت کا امکان ہے، جس کے باعث مختلف علاقائی اور سفارتی معاملات پر اہم ملاقاتوں کی توقع کی جا رہی ہے۔ تاہم دوطرفہ ملاقاتوں کے شیڈول سے متعلق ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
‎اجلاس کے دوران آئندہ ایس سی او سربراہی اجلاس کا ایجنڈا بھی حتمی شکل دی جائے گی۔ سربراہی اجلاس اگلے ماہ کے آخر میں بشکک میں منعقد ہوگا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
‎ذرائع کے مطابق ایس سی او سربراہی اجلاس میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کی شرکت بھی متوقع ہے۔ اس موقع پر خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال، اقتصادی تعاون، سیکیورٹی، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات اور رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی غور کیا جائے گا۔
‎شنگھائی تعاون تنظیم کو خطے کی اہم علاقائی تنظیموں میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں رکن ممالک باہمی تعاون، اقتصادی ترقی، علاقائی استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر کام کرتے ہیں۔ موجودہ اجلاس کو بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

More posts