Baaghi TV

صوبے کے مفاد کیلئے ہر کسی کے ساتھ بیٹھوں گا، سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ کے پی کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا، ہر کسی نے پختونخوا کو تجربہ گاہ بنایا لیکن اب صوبے کو مزید تجربہ گاہ نہیں بننے دوں گا۔

یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ پختونخوا میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، یہاں تعلیم، صحت یا اسپورٹس، ہر شعبے میں ٹیلنٹ موجود ہے، یہاں مواقع کے مسائل ہیں،خیبر پختونخوا کو ہمیشہ تجربہ گاہ بنایا گیا، ہر ایک نے اپنا تجربہ کیا جس کے باعث بے امنی پیدا ہوئی، میں صوبے کو مزید تجربہ گاہ نہیں بننے دوں گا، میں اپنے لیے کسی کے در پر نہیں جاؤں گا، لیکن اپنے صوبے کے مفاد کیلئے ہر کسی کے ساتھ بیٹھوں گا، چاہے کوئی مجھے کتنا ہی ناپسند ہو۔

سہیل آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے ساتھ ہمیشہ امتیازی سلوک روا رکھا گیا، ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا، بعض مائنڈ سیٹ کے لوگ نہیں چاہتے کہ خیبر پختونخوا کے لوگ ترقی کریں، وفاق نےکے پی کے 4000 ارب سے زیادہ روپے روک رکھے ہیں، یہ پیسا میں آپ کی مدد سے وفاق سے لوں گا،جامعات میں بے روزگاروں کی کھیپ تیار کی جا رہی ہیں، لیکن ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ہمارے نوجوان روزگار کے بغیر نہ ہوں، ہم سب نے مل کر پاکستان کو عظیم ملک بنانا ہے.

More posts