Baaghi TV

اگست کے اختتام پر ایک شاندار فلکیاتی منظر کی پیشگوئی

اگست کے اختتام پر آسمان پر ایک دلکش فلکیاتی منظر دیکھنے کو ملے گا، جب 27 اور 28 اگست کی درمیانی شب 2026 کا جزوی چاند گرہن ہوگا۔ اس دوران چاند کا بڑا حصہ سرخی مائل نارنجی رنگ اختیار کرلے گا، جس کے باعث یہ منظر خونیں چاند جیسا دکھائی دے گا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق چاند کی سطح کا تقریباً 96 فیصد حصہ زمین کے سائے سے گزرے گا۔ اگرچہ یہ مکمل چاند گرہن نہیں ہوگا، تاہم چاند کے اتنے بڑے حصے کے زمین کے سائے میں آنے کے باعث یہ فلکیاتی منظر خاصا نمایاں ہوگا۔

جزوی چاند گرہن 28 اگست کو تقریباً 4 بج کر 13 منٹ عالمی وقت کے مطابق اپنے عروج پر ہوگا، اس وقت چاند کا تقریباً 96 فیصد حصہ زمین کے سائے میں موجود ہوگا۔

شمالی امریکا کے مختلف علاقوں میں چاند گرہن اپنے عروج پر مقامی وقت کے مطابق مختلف اوقات میں ہوگا۔ نیویارک اور ٹورنٹو میں یہ 28 اگست کی رات 12 بج کر 12 منٹ، شکاگو، ہیوسٹن اور ونی پیگ میں 27 اگست کی رات 11 بج کر 12 منٹ، ڈینور اور کیلگری میں رات 10 بج کر 12 منٹ جبکہ لاس اینجلس میں رات 9 بج کر 12 منٹ پر عروج پر ہوگا۔

واضح رہے کہ چاند گرہن اس وقت رونما ہوتا ہے جب زمین سورج اور چاند کے درمیان آجاتی ہے اور زمین کا سایہ چاند کی سطح پر پڑتا ہے۔

ماہرین کے مطابق سورج کی روشنی جب زمین کے کرۂ ہوائی سے گزرتی ہے تو نیلی روشنی زیادہ بکھر جاتی ہے، جبکہ سرخ اور نارنجی روشنی فضا سے مڑ کر چاند تک پہنچتی ہے، جس کے باعث چاند سرخی مائل نارنجی رنگ میں دکھائی دیتا ہے۔

چاند گرہن کو عام آنکھ سے دیکھنا مکمل طور پر محفوظ ہے اور اسے دیکھنے کے لیے خصوصی چشموں یا حفاظتی فلٹرز کی ضرورت نہیں ہوتی۔

More posts