Baaghi TV

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرا، ابھیشک شرما کی شرکت غیر یقینی

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سب سے بڑے مقابلے میں پاکستان کے خلاف میچ سے قبل بھارتی ٹیم کو اہم دھچکا لگ سکتا ہے، جارح مزاج اوپنر ابھیشک شرما کی شرکت تاحال غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلہ اتوار کو کولمبو میں شیڈول ہے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم آج رات نئی دہلی سے کولمبو روانہ ہوگی، جہاں میچ سے قبل آخری ٹریننگ سیشن میں کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا۔
معدے کے انفیکشن کا شکاربھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھیشک شرما حالیہ دنوں معدے کے شدید انفیکشن میں مبتلا ہوگئے تھے، جس کے باعث انہیں اسپتال میں داخل ہونا پڑا۔ طبیعت میں بہتری آنے کے بعد انہیں ڈسچارج کردیا گیا اور انہوں نے ٹیم کو جوائن بھی کرلیا ہے، تاہم مکمل فٹنس ابھی حاصل نہیں کر سکے۔

ذرائع کے مطابق انفیکشن کے باعث ان کی جسمانی کمزوری تشویشناک ہے اور ٹیم کی میڈیکل یونٹ مسلسل ان کی نگرانی کر رہی ہے۔ پاکستان کے خلاف انہیں کھلانے یا نہ کھلانے کا حتمی فیصلہ کولمبو میں ہونے والے پریکٹس سیشن کے بعد کیا جائے گا۔

ابھیشک شرما نے ساتھی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ کے ساتھ ایک ویڈیو پیغام میں اپنی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ چند روز سے صرف دال چاول کھا رہے ہیں اور بیماری کے دوران ان کا تقریباً دو کلو وزن بھی کم ہوا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اگرچہ ان کی طبیعت میں واضح بہتری آئی ہے، تاہم مکمل توانائی کی بحالی میں کچھ وقت لگ سکتا ہے، جس کے باعث ٹیم مینجمنٹ کسی بھی قسم کا خطرہ مول لینے سے گریز کر سکتی ہے۔

ابھیشک شرما اپنی جارحانہ بیٹنگ کے باعث بھارتی ٹیم کی اوپننگ لائن اپ کا اہم حصہ سمجھے جاتے ہیں۔ ان کی عدم موجودگی کی صورت میں بھارتی ٹیم کو بیٹنگ آرڈر میں ردوبدل کرنا پڑ سکتا ہے، جو پاک بھارت میچ جیسے اہم مقابلے میں حکمت عملی پر اثرانداز ہو سکتا ہے۔دوسری جانب پاکستانی ٹیم بھی اس میچ کے لیے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے اور شائقین کرکٹ کو ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔اب تمام نظریں کولمبو میں ہونے والے بھارتی ٹیم کے ٹریننگ سیشن پر مرکوز ہیں جہاں یہ طے ہوگا کہ آیا ابھیشک شرما پاکستان کے خلاف میدان میں اتریں گے یا نہیں۔

More posts