جوڈیشل کمیشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین جج صاحبان کے تبادلوں کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کثرتِ رائے سے کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق کمیشن کے 9 ارکان نے جسٹس محسن اختر کیانی کے تبادلے کے حق میں ووٹ دیا، جس کے بعد ان کا تبادلہ لاہور ہائی کورٹ کر دیا گیا۔ اسی طرح جسٹس بابر ستار کو پشاور ہائی کورٹ منتقل کرنے کی منظوری بھی اکثریتی رائے سے دی گئی۔
مزید برآں جوڈیشل کمیشن نے جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے سندھ ہائی کورٹ تبادلے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ تینوں ججز کے تبادلے کو عدالتی نظام میں انتظامی بہتری کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم سومرو کے تبادلوں سے متعلق اپنی سفارش واپس لے لی، جس کے باعث ان کے تبادلوں پر غور نہیں کیا گیا۔
اعلامیے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ان تبادلوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی خالی نشستوں کو صرف ٹرانسفر ججوں کے ذریعے ہی پُر کیا جائے گا اور نئی تقرریاں نہیں کی جائیں گی۔
ماہرین قانون کے مطابق اس نوعیت کے تبادلے عدالتی نظام میں توازن برقرار رکھنے اور مختلف ہائی کورٹس میں تجربہ کار ججز کی موجودگی کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے 3 ججز کے تبادلے منظور
