Baaghi TV

یو اے ای میں دوپہر کے اوقات میں کھلے مقامات پر کام پر پابندی برقرار

‎متحدہ عرب امارات میں شدید گرمی کے پیش نظر ملازمین کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر سال کی طرح اس سال بھی دوپہر کے اوقات میں کھلے مقامات پر کام کرنے پر پابندی نافذ ہے۔ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ اسلام آباد کے مطابق یہ پابندی 15 جون سے نافذ ہو چکی ہے اور 15 ستمبر تک برقرار رہے گی۔
‎اس دوران دوپہر 12:30 بجے سے سہ پہر 3:00 بجے تک کھلی جگہوں اور براہ راست دھوپ میں کام کرنا ممنوع ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد شدید گرمی کے باعث ہیٹ اسٹروک، پانی کی کمی اور دیگر طبی مسائل سے کارکنوں کو محفوظ رکھنا ہے۔
‎حکام کے مطابق بعض ایسے کام جنہیں تکنیکی یا ہنگامی وجوہات کی بنا پر مؤخر نہیں کیا جا سکتا، انہیں اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ ان میں اسفالٹ بچھانے اور کنکریٹ ڈالنے کے وہ منصوبے شامل ہیں جنہیں مقررہ وقت کے بعد تک ملتوی کرنا ممکن نہ ہو۔
‎اسی طرح پانی، بجلی اور ٹریفک کی بحالی سے متعلق ہنگامی مرمتی کام بھی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ علاوہ ازیں ایسے منصوبے جن کے لیے عوامی مفاد یا نقل و حرکت کے باعث متعلقہ سرکاری اداروں سے خصوصی اجازت درکار ہو، وہ بھی مقررہ شرائط کے تحت جاری رکھے جا سکیں گے۔
‎متحدہ عرب امارات کے قوانین کے مطابق تمام کمپنیوں پر لازم ہے کہ پابندی کے اوقات میں کارکنوں کو آرام کے لیے مناسب سایہ دار جگہیں فراہم کریں۔ اس کے علاوہ ٹھنڈک کے انتظامات، پنکھے، صاف پینے کا پانی اور ہائیڈریشن کی دیگر ضروری سہولتیں مہیا کرنا بھی آجر کی ذمہ داری ہوگی۔
‎حکام نے کمپنیوں پر زور دیا ہے کہ وہ ان حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ گرمی کے موسم میں کارکنوں کی صحت اور جان کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔

More posts