روس یوکرین جنگ کے تناظر میں یوکرین نے امریکا سے فضائی دفاعی نظام کے لیے مزید گولہ بارود فراہم کرنے کی درخواست کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کے مطابق یوکرینی صدر زیلنسکی نے امریکی صدر ٹرمپ کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں امریکا سے ائیر ڈیفنس سسٹم کے لیے اضافی گولہ بارود کی فراہمی کی اپیل کی گئی ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر زیلنسکی نے اپنے خط میں کہا کہ روس کی جانب سے جاری حملوں کے پیش نظر یوکرین کو دفاعی صلاحیت مضبوط بنانے کے لیے فوری مدد درکار ہے۔ انہوں نے امریکی صدر سے درخواست کی کہ وہ اس اہم دفاعی ہتھیار کے ذخائر کو محفوظ بنانے میں تعاون کریں تاکہ شہری علاقوں اور اہم تنصیبات کا دفاع مؤثر انداز میں کیا جا سکے۔یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ پیٹریاٹ میزائل سسٹم اور دیگر اضافی دفاعی نظام روسی میزائل اور ڈرون حملوں کو روکنے کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فضائی دفاعی نظام کی مضبوطی یوکرین کی سلامتی اور شہری آبادی کے تحفظ کے لیے نہایت ضروری ہے۔
دوسری جانب روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں حالیہ مہینوں کے دوران فضائی حملوں میں شدت دیکھی گئی ہے، جس کے باعث یوکرین مسلسل مغربی اتحادیوں سے جدید دفاعی ساز و سامان اور اسلحے کی فراہمی کا مطالبہ کر رہا ہے۔
