Baaghi TV

گریٹر نوئیڈا ویسٹ میں الوؤں کے جوڑے کی دہشت، متعداد افراد پر حملہ

بھارت کے گریٹر نوئیڈا ویسٹ کی لا ریزیڈینشیا سوسائٹی میں الوؤں کے ایک جوڑے نے رہائشیوں کو خوف زدہ کر دیا، جہاں سوسائٹی کے مکینوں نے 5 سے 6 افراد پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔

رہائشیوں کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے سے الوؤں کا یہ جوڑا سوسائٹی کی سڑکوں، درختوں اور اسٹریٹ لائٹس کے قریب موجود رہتا ہے اور رات کے وقت وہاں سے گزرنے والے افراد پر اچانک اوپر سے جھپٹ پڑتا ہے۔مکینوں کا کہنا ہے کہ بعض افراد کو ان واقعات کے دوران سر اور جسم پر خراشیں بھی آئی ہیں، جس کے باعث سوسائٹی میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ متعدد افراد نے رات کے وقت اکیلے آمدورفت سے گریز شروع کر دیا ہے، جبکہ بچوں، بزرگوں اور رات گئے ڈیوٹی سے واپس آنے والے افراد کی سلامتی کے حوالے سے بھی تشویش بڑھ گئی ہے۔رہائشیوں نے معاملے کی شکایت محکمہ جنگلات کے حکام سے کرتے ہوئے ضلعی جنگلات افسر (ڈی ایف او) سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ الوؤں کے جوڑے کو کسی قسم کا نقصان پہنچائے بغیر محفوظ طریقے سے ریسکیو کرکے مناسب قدرتی ماحول میں منتقل کیا جائے۔

مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ پرندوں کو مارنے یا نقصان پہنچانے کے حق میں نہیں، تاہم مسلسل حملوں کے باعث انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے محکمہ جنگلات کی فوری کارروائی ضروری ہے۔رہائشیوں نے لوگوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ رات کے وقت درختوں اور اسٹریٹ لائٹس کے قریب سے گزرتے ہوئے احتیاط برتیں اور الوؤں کو چھیڑنے یا ان کے قریب جانے سے گریز کریں۔

More posts