Baaghi TV

امریکہ کی جانب سے ایران کے منجمد اثاثے جاری کرنے پر آمادگی

بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائیٹرز کے مطابق ایک سینئر ایرانی ذریعے نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے قطر اور دیگر غیر ملکی بینکوں میں موجود ایران کے منجمد اثاثے جاری کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، جو مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ امن مذاکرات کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں آئندہ امن مذاکرات کی تیاری جاری ہے، جن کی میزبانی مبینہ طور پر پاکستان کر رہا ہے۔امریکی و ایرانی وفود پاکستان پہنچ چکے ہیں،ایرانی ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ تہران اس فیصلے کو امریکہ کی جانب سے سنجیدگی اور دیرپا امن معاہدے کی خواہش کے طور پر دیکھ رہا ہے۔ ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ اثاثوں کی واپسی کو براہِ راست خطے میں بحری راستوں کی سلامتی سے جوڑا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت خاص طور پر آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ یقینی بنانے کے معاملے سے منسلک ہے۔آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین تیل و گیس ترسیلی گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں کسی بھی قسم کی کشیدگی عالمی توانائی منڈیوں پر فوری اثر ڈال سکتی ہے۔ایرانی فریق کا مؤقف ہے کہ خطے میں استحکام کے لیے اقتصادی دباؤ میں نرمی اور اعتماد سازی کے اقدامات ناگزیر ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ منجمد اثاثوں کا بڑا حصہ قطر میں موجود مالیاتی اداروں میں رکھا گیا ہے، جو گزشتہ کئی برسوں سے بین الاقوامی پابندیوں کے باعث غیر فعال تھا۔تاحال امریکی حکومت کی جانب سے اس خبر کی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔ تاہم سفارتی حلقوں میں اس پیش رفت کو ایک ممکنہ "بریک تھرو” کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو مستقبل میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی لا سکتا ہے۔

More posts