Baaghi TV

امریکا کا ایران مذاکرات کیلئے وفد پاکستان بھیجنے کا فیصلہ

‎امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے اپنا خصوصی وفد پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق اس فیصلے کی تصدیق دو سینئر حکام نے کی ہے، جس سے خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے۔
‎ذرائع کے مطابق اس مذاکراتی ٹیم میں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہوں گے، جو پاکستان میں ایرانی وفد کے ساتھ اہم بات چیت کریں گے۔ یہ ملاقاتیں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ معاہدے کی راہ ہموار کرنے کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہیں۔
‎رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس فی الحال اس دورے کا حصہ نہیں ہوں گے، جس کی وجہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف کی عدم شرکت بتائی جا رہی ہے۔ تاہم وائٹ ہاؤس ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی تو جے ڈی وینس کا دورہ بعد میں شیڈول کیا جا سکتا ہے۔
‎سفارتی ماہرین کے مطابق پاکستان اس وقت امریکا اور ایران کے درمیان ایک اہم ثالثی کردار ادا کر رہا ہے، اور اسلام آباد میں ہونے والی یہ ممکنہ ملاقاتیں خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہیں۔

More posts