Baaghi TV

لبنان پر اسرائیلی حملے روکنا امریکا کی ذمہ داری ہے، عباس عراقچی

america

‎ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت لبنان پر اسرائیلی حملے روکنا امریکا کی ذمہ داری ہے، تاہم واشنگٹن اس ذمہ داری کو پورا کرنے میں ناکام رہا ہے۔
‎بغداد میں عراقی وزیر خارجہ فواد حسین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ معاہدے کے مطابق امریکا پر لازم ہے کہ وہ اسرائیل کو لبنان میں فوجی کارروائیوں سے باز رکھے، لیکن اب تک اس حوالے سے مؤثر اقدامات سامنے نہیں آئے۔
‎انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک کی بحالی کی ذمہ داری صرف ایران کی ہے اور اس معاملے میں کسی بھی دوسرے فریق کی مداخلت صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے تمام متعلقہ ممالک کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
‎ایرانی وزیر خارجہ نے زور دیا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں بلکہ اس سے پورا خطہ متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی امن اور سلامتی کے لیے تمام ممالک کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے اور تنازعات کو سفارتی ذرائع سے حل کیا جا سکے۔
‎اس موقع پر عراقی وزیر خارجہ فواد حسین نے کہا کہ عراق نہ تو خلیجی ممالک تک جنگ کے پھیلاؤ کی حمایت کرتا ہے اور نہ ہی ایران کے خلاف کسی جارحیت کی تائید کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے امن اور استحکام کے لیے تمام فریقوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
‎فواد حسین نے آبنائے ہرمز کو بحری آمدورفت کے لیے مکمل طور پر کھولنے اور ہر قسم کی بحری ناکہ بندی ختم کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی ایشیا میں پائیدار سیکیورٹی اور استحکام کے لیے ایران سمیت تمام علاقائی ممالک کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے تاکہ مستقبل میں کشیدگی سے بچا جا سکے۔

More posts