Baaghi TV


اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی سربراہ کا رابطہ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

‎نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی خارجہ امور اور سیکیورٹی پالیسی کی سربراہ کاجا کالاس سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال اور مشرق وسطیٰ میں امن کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
‎گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ کاجا کالاس نے اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط تک پہنچنے میں پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہا، تاہم انہوں نے حالیہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان رابطے اور بات چیت کے ذرائع ہر صورت کھلے رہنے چاہئیں۔
‎اس موقع پر اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کو مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے، اعتماد سازی اور جامع امن کے قیام کے لیے مختلف سفارتی رابطے جاری رکھے ہوئے ہے۔
‎نائب وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام فریق جنگ بندی کے معاہدے کی مکمل پاسداری کریں تاکہ مزید کشیدگی سے بچا جا سکے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا پائیدار حل تلاش کیا جا سکے۔
‎دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے کی صورتحال پر مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے گا اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی تعاون جاری رکھا جائے گا۔

More posts