Baaghi TV

آبنائے ہرمز میں امریکی ناکہ بندی، 51 جہاز روک لئے گئے

امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جاری بحری ناکہ بندی کے دوران اب تک 51 جہازوں کو روکا جا چکا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ ان جہازوں کو یا تو واپس مڑنے یا قریبی بندرگاہوں کا رخ کرنے کی ہدایت دی گئی۔

امریکا نے آبنائے ہرمز میں اپنی ناکہ بندی برقرار رکھی ہوئی ہے، جبکہ "پروجیکٹ فریڈم” کے نام سے ایک آپریشن بھی تیز کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد امریکی انتظامیہ کے مطابق بحری جہازوں کو اس اہم آبی گزرگاہ سے "محفوظ” طریقے سے گزارنا ہے۔ تاہم گزشتہ روز آبنائے ہرمز میں جھڑپوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جن کی مکمل تفصیلات تاحال واضح نہیں ہو سکیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن گزشتہ روز شروع ہوا، تاہم اس کے خدوخال کے بارے میں زیادہ معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ نے ایران کی معیشت کے حوالے سے سخت بیانات دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسے تباہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا "میں جیتنا چاہتا ہوں، اس لیے ایران کی معیشت کو کریش کرنے کے لیے تیار ہوں۔”ٹرمپ نے ایران کی معاشی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایرانی کرنسی بے قدر ہو چکی ہے اور افراط زر 150 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جبکہ حکومت اپنے فوجیوں کو تنخواہیں دینے کے قابل نہیں۔

بعد ازاں وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا کہ وہ جانتا ہے کہ اسے کیا کرنا ہے اور کیا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس اب بڑی بحری طاقت نہیں رہی اور وہ چھوٹی کشتیوں کے ذریعے کارروائیاں کر رہا ہے۔امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم وہ بیک وقت مذاکرات سے انکار کر کے "کھیل کھیل رہا ہے”۔ دوسری جانب امریکی وزیر دفاع نے واضح کیا کہ جنگ بندی اب بھی برقرار ہے، جس کی صدر ٹرمپ نے بھی توثیق کی۔

More posts