پاکستان نیوی نے بحیرہ عرب میں پیش آنے والی ہنگامی صورتحال پر فوری اور مؤثر ردعمل دیتے ہوئے ایک مال بردار جہاز کے عملے کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔
جہاز MV GAUTAM عمان سے بھارت کی جانب رواں دواں تھا کہ دورانِ سفر اچانک تکنیکی خرابی کا شکار ہو کر سمندر میں پھنس گیا۔ جیسے ہی جہاز کو پیش آنے والے مسئلے کی اطلاع موصول ہوئی، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے تحت کام کرنے والے بحری جہاز PMSA Ship KASHMIR کو فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کیا گیا۔ ریسکیو ٹیم نے کم سے کم وقت میں متاثرہ جہاز تک رسائی حاصل کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ریسکیو آپریشن کے دوران جہاز پر موجود تمام 7 افراد کو بروقت امداد فراہم کی گئی، جن میں 6 بھارتی اور ایک انڈونیشی شہری شامل تھا۔ نیوی حکام نے عملے کو خوراک، ابتدائی طبی امداد اور تکنیکی معاونت فراہم کی تاکہ ان کی جان و مال کو لاحق خطرات کو فوری طور پر کم کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور انسانی ہمدردی پر مبنی اقدامات کی بدولت ایک ممکنہ سمندری حادثے کو ٹال دیا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کھلے سمندر میں اس نوعیت کے واقعات میں فوری ردعمل نہ ہو تو انسانی جانوں کے ضیاع کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔دفاعی تجزیہ کاروں نے اس کامیاب ریسکیو آپریشن کو خطے میں پاکستان کی بحری صلاحیتوں اور ذمہ دارانہ کردار کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیوی نہ صرف ملکی سمندری حدود کا دفاع کر رہی ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
