لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کی پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک معذور کرکٹ مداح سے ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جسے پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کے صارفین کی جانب سے مثبت انداز میں سراہا جا رہا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ویرات کوہلی وہیل چیئر پر موجود پاکستانی مداح کے پاس رکتے ہیں، ان سے خوش اخلاقی کے ساتھ گفتگو کرتے ہیں اور ان کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر ان کی بات توجہ سے سنتے ہیں۔
ملاقات کے دوران مداح کے ساتھ موجود ایک شخص نے ویرات کوہلی سے کہا، "سر! ہم پاکستان سے ہیں، لیکن ہم آپ سے بہت محبت کرتے ہیں۔” اس پر ویرات کوہلی نے مسکراتے ہوئے مداح سے بات چیت جاری رکھی اور ان سے گرمجوشی کا اظہار کیا۔
یہ مختصر مگر جذباتی ملاقات سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہو گئی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ کھیل قوموں کو قریب لانے اور باہمی احترام و محبت کو فروغ دینے کا ذریعہ بنتا ہے، جبکہ کئی افراد نے ویرات کوہلی کے رویے کو کھیل کی حقیقی روح قرار دیا۔
ویڈیو کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں اور دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین اس ملاقات کو کھیل کے ذریعے انسانیت، احترام اور محبت کی خوبصورت مثال قرار دے رہے ہیں۔
لارڈز میں ویرات کوہلی کی پاکستانی مداح سے ملاقات، ویڈیو وائرل
