کراچی کے علاقے کلفٹن میں بینک کے باہر ڈکیتی کی واردات کے دوران فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا، جبکہ مسلح ملزمان لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ کلفٹن کے علاقے بوٹ بیسن میں پیش آیا۔ سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ مہزور علی نے بتایا کہ مقتول نوجوان آکاش اپنے والد اور ایک ساتھی کے ہمراہ تین تلوار کے قریب واقع ایک نجی بینک سے 50 لاکھ روپے نکلوا کر دوسرے بینک میں جمع کرانے جا رہا تھا۔
حکام کے مطابق جب تینوں افراد بوٹ بیسن کے ایک بینک کے باہر پہنچے تو پہلے سے گھات لگائے بیٹھے مسلح ڈاکوؤں نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا اور رقم چھیننے کی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے دوران بینک کے سیکیورٹی گارڈ نے ڈاکوؤں کو روکنے کے لیے فائرنگ کی، جس کے جواب میں ملزمان نے بھی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں نوجوان آکاش گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔
واردات کے دوران ملزمان 50 لاکھ روپے میں سے 25 لاکھ روپے پر مشتمل ایک بیگ چھین کر موقع سے فرار ہو گئے، جبکہ باقی رقم محفوظ رہی۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر کے ملزمان کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
بینک کے باہر ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ، نوجوان جاں بحق
