مبینہ زیادتی کے متاثرہ لڑکے کا ملزم کی عدم گرفتاری پر انوکھا احتجاج، پریس کلب کے باہر درخت پر چڑھ گیا
لاہور میں مبینہ زیادتی کا نشانہ بننے والے 15 سالہ لڑکے نے ملزم کی عدم گرفتاری کے خلاف منفرد انداز میں احتجاج کرتے ہوئے پریس کلب کے باہر درخت پر چڑھ کر انصاف کا مطالبہ کیا۔ واقعے کے باعث علاقے میں لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا جبکہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے ہڈیارہ سے تعلق رکھنے والا 15 سالہ نبیل اپنے ساتھ مبینہ زیادتی کے مقدمے میں ملزم طاہر کی عدم گرفتاری پر احتجاج کے لیے پریس کلب کے باہر درخت پر چڑھ گیا۔ متاثرہ لڑکے کے ہاتھ میں پیٹرول کی بوتل بھی موجود تھی اور اس نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر اسے انصاف نہ ملا تو وہ خودسوزی کر لے گا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکار موقع پر پہنچے، جنہوں نے متاثرہ لڑکے سے مذاکرات کیے اور اسے بحفاظت درخت سے نیچے اتار کر پولیس وین میں بٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے تاکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکے کے ساتھ مبینہ زیادتی کا مقدمہ 28 جون کو اس کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ ہڈیارہ میں درج کیا گیا تھا، تاہم ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔واقعے کے بعد متاثرہ خاندان نے مطالبہ کیا ہے کہ مقدمے میں ملوث ملزم کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
