Baaghi TV

گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے 100 روزہ پلان تیار کیا جائے، بلاول

گلگت: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں وزیراعلیٰ ہاؤس گلگت میں پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی سیاسی، انتظامی اور ترقیاتی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ گلگت بلتستان کے پہلے گورنر قمر زمان کائرہ اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ بھی شریک تھے، جبکہ پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور عہدیداران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عہدیداران نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو حالیہ انتخابات سے متعلق اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کی اور پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں سمیت انتظامی معاملات میں بہتری کے لیے مختلف تجاویز سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ بند کمروں میں بیٹھنے کے بجائے عوام کے درمیان رہ کر حکومت چلائیں، عوامی مسائل کو براہِ راست سنیں اور ان کے حل کو اولین ترجیح دیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے 100 روزہ جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مقررہ مدت مکمل ہونے پر انہیں کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے تاکہ ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیا جا سکے۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید ہدایت کی کہ حقِ ملکیت سے متعلق قانون سازی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ حقِ حاکمیت کے حوالے سے گلگت بلتستان اسمبلی کے پہلے اجلاس میں قرارداد پیش کی جائے تاکہ عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے عملی پیش رفت ممکن ہو سکے۔انہوں نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے بھی فوری گراؤنڈ ورک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقامی حکومتوں کا مضبوط نظام عوامی مسائل کے حل اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے لیے ناگزیر ہے۔

اجلاس میں گلگت بلتستان میں پارٹی کی تنظیمی فعالیت، عوامی رابطہ مہم، ترقیاتی ترجیحات اور آئندہ سیاسی حکمت عملی پر بھی تفصیلی غور کیا گیا، جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے مؤثر، شفاف اور خدمت پر مبنی طرزِ حکمرانی کو فروغ دیں۔

More posts