ریاض: سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں ایک ہزار سال قدیم قرآنِ کریم کے نادر اور تاریخی نسخے کو زائرین کے لیے نمائش میں پیش کر دیا گیا، جہاں یہ قیمتی مخطوطہ عقیدت مندوں اور اسلامی فنون سے دلچسپی رکھنے والوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق حرمین شریفین میں دینی امور کے ادارے کے زیر اہتمام منعقدہ "اقرا” نمائش میں اسلامی تاریخ سے وابستہ متعدد نایاب مخطوطات اور تاریخی نوادرات رکھے گئے ہیں، تاہم ان میں سب سے نمایاں مقام قرآنِ کریم کے اس نادر نسخے کو حاصل ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ عظیم تاریخی نسخہ تقریباً ایک ہزار برس قبل معروف اسلامی خطاط علی بن ہلال نے تحریر کیا تھا، جو اسلامی دنیا میں ابن البواب کے نام سے شہرت رکھتے ہیں۔ ابن البواب کو اسلامی خطاطی کے عظیم ترین فنکاروں میں شمار کیا جاتا ہے اور ان کے قلم سے تحریر کردہ یہ نسخہ فنِ کتابت کا ایک بے مثال شاہکار تصور کیا جاتا ہے۔
اس نادر نسخے کی ایک نمایاں خصوصیت اس کے نہایت خوبصورت حاشیے، نفیس خطاطی اور دلکش آرائش ہے، جو اسلامی فنون، عربی خطاطی اور اس دور کی علمی روایت کی بہترین مثال پیش کرتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس نسخے کی تاریخی، فنی اور دینی اہمیت غیر معمولی ہے۔
نمائش کے منتظمین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں اس معیار اور تاریخی اہمیت کے صرف دو مکمل نسخے موجود ہیں، جو اسلامی تہذیب، قرآنِ کریم سے مسلمانوں کی وابستگی اور صدیوں پر محیط علمی ورثے کی عظمت کو نمایاں کرتے ہیں۔
نمائش میں آنے والے زائرین اس قیمتی مخطوطے کو نہایت عقیدت اور دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے تاریخی قرآنی نسخے نہ صرف اسلامی ورثے کے تحفظ کی علامت ہیں بلکہ نئی نسل کو اپنی مذہبی، علمی اور تہذیبی تاریخ سے جوڑنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
مکہ مکرمہ میں ایک ہزار سال قدیم نادر قرآنِ پاک کا نسخہ نمائش کے لیے پیش
