کراچی کے علاقے ڈاکس میں فشری کالا پانی کے قریب سمندر میں نہاتے ہوئے 14 سالہ لڑکا ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ افسوسناک واقعے کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن کے غوطہ خوروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچے کی لاش سمندر سے نکال لی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 14 سالہ یاسر ولد نور محمد کے نام سے ہوئی ہے، جو مچھر کالونی کے بنگالی پاڑہ کا رہائشی تھا۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور طویل تلاش کے بعد بچے کی لاش پانی سے نکال کر ضروری کارروائی کے لیے منتقل کی گئی۔
پولیس کے مطابق ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ اہل خانہ نے واقعے کے حوالے سے کسی بھی قسم کی قانونی یا پولیس کارروائی کرانے سے انکار کر دیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہوگئی جبکہ اہل علاقہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ سمندر میں نہاتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور گہرے پانی میں جانے سے گریز کریں، خصوصاً بچوں کو بغیر نگرانی کے ساحل یا سمندر میں داخل نہ ہونے دیا جائے تاکہ ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔
کراچی: سمندر میں ڈوب کر 14 سالہ لڑکا جاں بحق
