Baaghi TV

کراچی والے روزانہ کی مشکلات جھیلنے پر تمغوں کے مستحق ہیں، عائشہ عمر

‎کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور ماڈل عائشہ عمر نے کراچی کے شہریوں کی مشکلات برداشت کرنے کی صلاحیت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہرِ قائد کے رہائشی اپنی ثابت قدمی اور حوصلے کی وجہ سے واقعی تمغوں کے مستحق ہیں۔
‎عائشہ عمر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کراچی کو رہائش کے اعتبار سے دنیا کے بدترین شہروں میں شامل کیے جانے پر ردِعمل دیا۔ انہوں نے لکھا کہ کراچی کے لاکھوں شہری روزانہ ٹریفک جام، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی بدترین صورتحال، بجلی اور دیگر شہری مسائل کے باوجود اپنی روزمرہ زندگی معمول کے مطابق جاری رکھتے ہیں، جو ان کی غیر معمولی ہمت اور برداشت کا ثبوت ہے۔
‎اداکارہ نے کہا کہ کراچی میں رہنے والے افراد ہر روز بے شمار مشکلات کا سامنا کرتے ہیں، لیکن اس کے باوجود وہ اپنے فرائض انجام دیتے ہیں، اپنے خاندانوں کی کفالت کرتے ہیں اور زندگی کی رفتار کو برقرار رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق ایسے حالات میں بھی شہریوں کا حوصلہ قابلِ تعریف ہے اور وہ اس استقامت پر داد کے مستحق ہیں۔
‎عائشہ عمر کی پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جہاں صارفین کی بڑی تعداد نے ان کی رائے سے اتفاق کیا۔ متعدد افراد نے کہا کہ کراچی کے شہری برسوں سے بنیادی شہری سہولیات کی کمی، ٹریفک کے مسائل، نکاسیٔ آب کی خراب صورتحال اور دیگر انتظامی چیلنجز کے باوجود اپنی زندگی گزار رہے ہیں، اس لیے ان کی مشکلات کو سنجیدگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
‎کئی صارفین نے اس موقع پر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ شہر کے انفراسٹرکچر، ٹریفک نظام، صفائی، نکاسیٔ آب اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے مؤثر اور دیرپا اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو روزمرہ مشکلات سے نجات مل سکے۔
‎واضح رہے کہ برطانوی تحقیقی ادارے دی اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ کی جانب سے جاری کردہ گلوبل لائیویبلٹی انڈیکس 2026میں دنیا کے 173 شہروں کا مختلف شعبوں کی بنیاد پر جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ میں استحکام، صحت، تعلیم، بنیادی ڈھانچے، ماحول اور ثقافتی سرگرمیوں جیسے عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے درجہ بندی کی گئی، جس میں کراچی 170 ویں نمبر پر رہا اور رہائش کے اعتبار سے دنیا کے تین بدترین شہروں میں شامل قرار پایا۔
‎اس رپورٹ کے منظرِ عام پر آنے کے بعد کراچی کی شہری سہولیات، انفراسٹرکچر اور انتظامی مسائل پر ایک بار پھر بحث شروع ہوگئی ہے، جبکہ مختلف حلقے اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ شہر کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

More posts