بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور ڈانس کوریوگرافر ٹیرنس لیوس نے اداکارہ کترینہ کیف کے ڈانس میں وقت کے ساتھ ہونے والی بہتری کی دل کھول کر تعریف کی۔
حالیہ دنوں میں ٹیرنس لیوس نے ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کے بارے میں کئی اہم انکشافات کیے اور بالی وڈ کی معروف اداکارہ کترینہ کیف کے حوالے سے بات کی، جو سوشل میڈیا پر خاصی مقبول ہوئی۔ٹیرنس لیوس نے کترینہ کیف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب کترینہ نے اپنی پہلی فلم "بوم” کی ریلیز کے بعد ان کے ساتھ کام کیا تھا، تو وہ ایک تربیت یافتہ ڈانسر نہیں تھیں۔ ٹیرنس نے اپنی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ "مجھے یاد ہے جب فلم ‘بوم’ ریلیز ہوئی تھی تو کترینہ میرے سٹوڈیو میں آئی تھیں اور ہم انہیں ڈانس سکھانے کی کوشش کر رہے تھے۔ وہ اس فیلڈ میں بالکل نئی تھیں اور انہیں یہ سمجھنے میں مشکل ہو رہی تھی کہ ڈانس کیا ہوتا ہے اور کیسے کیا جاتا ہے۔”
ٹیرنس لیوس نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ "جب کترینہ نے گانا ‘ذرا ذرا ٹچ می’ کیا، تو میں نے ان کی پرفارمنس کو دیکھ کر حیرانی کا اظہار کیا۔ میں نے اس وقت باسکو کو فون کیا اور پوچھا کہ یہ کیا جادو ہوا ہے؟ باسکو نے بتایا کہ کترینہ نے اپنے ڈانس پر بہت محنت کی ہے اور اس کا یہ نتیجہ تھا۔”ٹیرنس نے مزید کہا کہ "کترینہ کیف بہت محنتی اداکارہ ہیں۔ وہ ڈانسر نہیں تھیں، لیکن انہوں نے ڈانس کی تربیت لی۔ لمبے قد اور مضبوط جسمانی ساخت کے باوجود، انہوں نے اپنے فگر پر بھی بہت محنت کی، جو کہ بہت قابلِ تعریف ہے۔”
اسی انٹرویو میں جب ٹیرنس سے سوال کیا گیا کہ بالی وڈ میں بہترین ڈانسرز کون ہیں، تو انہوں نے ایشوریا رائے اور دپیکا پڈوکون کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں اداکارائیں نہ صرف بہترین ڈانسرز ہیں، بلکہ انہوں نے ڈانس کی دنیا میں اپنا ایک الگ ہی مقام بنایا ہے۔
