Baaghi TV

گلشن حدید میں تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سوار کو روند دیا، ڈرائیور فرار

‎کراچی کے علاقے گلشن حدید میں تیز رفتار بس کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا، اور واقعے کے بعد بس کا ڈرائیور فرار ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 55 سالہ ذوالفقار لاشاری کے طور پر ہوئی ہے۔
‎پولیس حکام نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔ حادثے کے بعد علاقے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ذوالفقار لاشاری برہان گھر کے قریب کیبن سے کچھ لینے کے لیے باہر نکلا تھا۔
‎متاثرہ خاندان نے سڑکوں کی خراب حالت اور بس ڈرائیورز کی غفلت کو ایسے حادثات کی بڑی وجہ قرار دیا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیور ٹوکن کے لیے ریس لگاتے ہیں اور بعض اوقات کنڈیکٹر کو بھی بس چلانے دیتے ہیں، جس کی وجہ سے ایسے واقعات معمول بن چکے ہیں۔
‎پولیس نے بس کو تحویل میں لے لیا ہے اور فرار ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ خیال رہے کہ یکم جنوری سے اب تک شہر میں ٹریفک حادثات میں دس افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں دو خواتین، ایک بچی اور ایک بچہ شامل ہیں۔

More posts