Baaghi TV

‎حکومت نے غیر ملکی صحافیوں کے لیے نئے میڈیا رہنما اصول جاری کر دیے

‎حکومتِ پاکستان نے فارن میڈیا فیسلیٹیشن گائیڈ لائنز 2026 جاری کر دی ہیں، جن کے تحت غیر ملکی میڈیا اداروں اور صحافیوں کے لیے رجسٹریشن، ایکریڈیٹیشن اور ملک کے مختلف علاقوں میں رپورٹنگ سے متعلق نئے قواعد نافذ کیے گئے ہیں۔
‎نئی پالیسی کے مطابق پاکستان میں تسلیم شدہ غیر ملکی صحافیوں کو اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے باہر کسی بھی علاقے میں خبری کوریج کے لیے سفر کرنے سے قبل وزارتِ اطلاعات و نشریات (MOIB) سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) حاصل کرنا ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد غیر ملکی میڈیا کی سرگرمیوں کو منظم کرنا اور سیکیورٹی و انتظامی معاملات کو بہتر بنانا بتایا گیا ہے۔
‎رہنما اصولوں کے تحت تمام غیر ملکی میڈیا اداروں، صحافیوں، فری لانسرز، فکسرز اور دیگر وابستہ افراد کے لیے وزارتِ اطلاعات کے ای پی ونگ کے آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی صحافی، جو غیر ملکی میڈیا اداروں کے لیے کام کرتے ہیں، انہیں بھی پاکستان کے سفارتی مشنز کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کرانا ہوں گی۔
‎حکومت نے صحافیوں کے لیے دو اقسام کے پریس ایکریڈیٹیشن کارڈ متعارف کرائے ہیں۔ ایک مستقل یا سالانہ پریس کارڈ ہوگا، جبکہ دوسرا عارضی کارڈ ہوگا، جس کی مدت زیادہ سے زیادہ تین ماہ رکھی گئی ہے۔ یہ کارڈ صرف مقررہ معیار پر پورا اترنے والے صحافیوں کو جاری کیے جائیں گے۔
‎نئی پالیسی کے مطابق ایکریڈیٹیشن رکھنے والے صحافیوں کو سرکاری تقریبات، پریس بریفنگز اور حکومتی دفاتر میں سہولت فراہم کی جائے گی، تاہم انہیں ہر وقت اپنا پریس کارڈ اپنے پاس رکھنا ہوگا اور متعلقہ حکام کے مطالبے پر پیش کرنا ہوگا۔

More posts