کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب واقع نیو سبزی منڈی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں منڈی کے اندر قائم متعدد دکانیں آگ کی لپیٹ میں آ گئیں۔ آگ لگنے کے واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ دھوئیں کے بادل دور دور تک نظر آئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ نے تیزی سے پھیل کر کئی دکانوں کو متاثر کیا، جس کے باعث تاجروں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، تاہم خوش قسمتی سے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ علاقے میں کولنگ کا عمل جاری ہے تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کے امکانات کو ختم کیا جا سکے۔ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی، تاہم ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ یا کسی آتش گیر مواد کے باعث آگ لگنے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
