اگر آپ 10 یا 11 سال پرانا اینڈرائیڈ فون استعمال کر رہے ہیں تو واٹس ایپ بند ہونے کا خدشہ ہے، کیونکہ میٹا نے پرانے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹمز پر واٹس ایپ کی سپورٹ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ 5 اور 5.1 سمیت اینڈرائیڈ 6 سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والے فونز پر 9 ستمبر 2026 سے واٹس ایپ استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔ میٹا کی جانب سے پرانے آپریٹنگ سسٹمز کے لیے ایپ کی سپورٹ ختم کیے جانے کے بعد ایسے فونز کے صارفین واٹس ایپ کی نئی سہولیات سے بھی محروم ہوجائیں گے۔
واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کے لیے وقتاً فوقتاً نئے فیچرز، بہتر یوزر انٹرفیس اور پرائیویسی سے متعلق نئی سیٹنگز متعارف کرائی جاتی ہیں، جن کے مؤثر اور محفوظ استعمال کے لیے جدید آپریٹنگ سسٹمز کے ساتھ مطابقت ضروری ہوتی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ میٹا 8 ستمبر 2026 سے اینڈرائیڈ 6 سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹمز پر کام کرنے والے فونز کے لیے واٹس ایپ سپورٹ ختم کرنے جا رہا ہے، جبکہ 9 ستمبر سے ایسے ڈیوائسز پر واٹس ایپ کے استعمال میں مسئلہ پیش آسکتا ہے۔
میٹا کے اس اقدام کا بنیادی مقصد صارفین کی سکیورٹی اور پرائیویسی کو مزید بہتر بنانا اور ایپ کی کارکردگی کو مستحکم رکھنا ہے۔ پرانے آپریٹنگ سسٹمز میں جدید سکیورٹی فیچرز اور تکنیکی تقاضوں کے لیے مطلوبہ سپورٹ موجود نہ ہونے کے باعث انہیں واٹس ایپ کے لیے موزوں نہیں سمجھا جا رہا۔
ایسے صارفین جن کے فون پر اینڈرائیڈ کا پرانا ورژن موجود ہے، انہیں اپنے ڈیوائس کا آپریٹنگ سسٹم چیک کرنے اور اگر ممکن ہو تو اسے جدید ورژن پر اپ ڈیٹ کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
