ملکہ کوہسار مری میں شدید برف باری کی پیشگوئی کے بعد الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں آج اور کل کے دوران 12 سے 20 انچ تک برف باری کا امکان ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ مری پہنچ گئے جہاں انہوں نے انتظامات کا جائزہ لیا اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔
صوبائی وزیر نے مری میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں برف باری اور ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ سے نمٹنے کے لیے روڈ کلیئرنگ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہائی وے میکنیکل ونگ کی مشینری اور سالٹ کیمپس کا بھی معائنہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مری میں 13 ٹورسٹ فیسلیٹیشن سینٹرز مکمل طور پر فعال ہیں جبکہ نمک کے بیگز کا وافر ذخیرہ موجود ہے تاکہ سڑکوں کو فوری طور پر بحال رکھا جا سکے۔
انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ مری میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے اور سیاحوں کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔
مری میں شدید برف باری کا الرٹ، 12 سے 20 انچ برف پڑنے کی پیشگوئی
