ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ خیبر پختونخوا کے مانسہرہ، بالائی گلیات، شانگلہ، لوئر دیر، مہمند، کالام، اورکزئی، چترال اور خیبر سمیت متعدد علاقوں میں تیز برفباری ریکارڈ کی گئی۔
ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں بارش اور برفباری سے تقریباً 100 گاڑیاں روڈ پر پھنس گئیں، جن میں 35 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ شانگلہ میں برفباری سے بجلی کا نظام مفلوج ہو گیا، جبکہ چترال میں متعدد رابطہ سڑکیں آمدورفت کے لیے بند ہو گئیں۔
گلگت بلتستان کے ضلع استور میں 2 سے 3 فٹ برف پڑنے سے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، لوگ گھروں میں محصور ہیں۔ ہنزہ، نگر اور زلزلے زدگان چیپورسن میں برفباری نے متاثرین کی مشکلات مزید بڑھا دیں۔ چلاس، بابو سرٹاپ، نانگا پربت، بٹوگاہ، داریل اور تانگیر میں بھی برفباری سے سردی کی لہرشدید اضافہ ہو گیا۔
