Baaghi TV

وفاقی وزرا اپنے بیانات پر معذرت کرنے کے بجائے تکبر کا مظاہرہ کر رہے ہیں،شرجیل میمن

sharjeel

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللّٰہ کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کشمیر میں ن لیگ کے بعض وفاقی وزرا کے غیر ذمے دارانہ بیانات سے پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اپنے جاری کردہ بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ ن لیگ کے وزرا کے غیر ذمہ دارانہ بیانات نے آزاد کشمیر میں منفی فضا پیدا کی، جس سے نہ صرف کشمیری عوام کے جذبات مجروح ہوئے بلکہ غیر سنجیدہ سیاست کے ذریعے ان کی توہین بھی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ ن لیگ کے وفاقی وزرا اپنے بیانات پر معذرت کرنے کے بجائے غرور اور تکبر کا مظاہرہ کر رہے ہیں، حالانکہ ذمہ دارانہ سیاست کا تقاضا تھا کہ وہ اپنی غلطیوں کا اعتراف کرتے۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری اس وقت چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی مضبوط آواز بن کر سامنے آئے ہیں اور مختلف علاقوں میں موجود احساسِ محرومی کو ختم کرنے کے لیے مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ایک حقیقی مدبر اور اسٹیٹس مین کے طور پر قومی یکجہتی، سیاسی ہم آہنگی اور وفاق کے استحکام کے لیے سرگرم عمل ہیں، جبکہ ان کی کوشش ہے کہ سیاسی اختلافات کو ہوا دینے کے بجائے قومی مفاد کو ترجیح دی جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللّٰہ نے بلاول بھٹو زرداری کی حالیہ تقاریر پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے بیانات سے حالات خراب ہو سکتے ہیں، جس پر پیپلز پارٹی کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آیا ہے۔

More posts