چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ پوری جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے اعصاب پر یہ ناچیز سوار ہے۔ میں اپنی زبان نہیں کھولنا چاہتا اس سے وہ لوگ فائدہ اٹھائیں گے جو مولوی کو لڑتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے طاہر اشرفی نے کہا کہ کاش مولانا پوری بات کرتے، مولانا فضل الرحمان نے ذکر کیا کہ میں نے ان سے کہا تھا کہ ’’آپ کا جلسہ بہت اچھا رہا‘‘، مولانا یہ بھی بتا دیتے کہ میں نے یہ بھی عرض کیا تھا کہ آپ نے بعض باتوں میں تجاوز کیا ہے، یہی بات میں نے مفتی ابرار سے بھی اسی مجلس میں عرض کی تھی۔ کچھ اور لوگوں نے بھی وہاں غیر مناسب بات کہی۔ اگر غلط بیانی کریں گے اور تمسخر اڑائیں گے تو آپ کو جواب دینا پڑے گا، آپ نے حقائق سے برعکس بہت سی باتیں کی ہیں جن کا متعلقہ حکام جواب دیں،تمام طبقات کی طرف سے شهداء كى حمايت کے بعد اب یوم صفائی اور معافی کا وقت ہوا چاہتا عقل مندوں کے لیے اشارہ ہی کافی ہے،سچ اگر بولنا ہے تو پورا سچ بولیے، آدھا سچ نہیں۔اور اگر ہمت ہے تو یہ بھی قوم کو بتا دیجیے کہ آپ نے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کے سامنے کس کس کے نام کیا کیا عرضداشت پیش کی تھی اور کیا پیغام دیا تھا۔اگر ہم وہ حقائق بیان کریں گے تو پھر یقیناً آپ کو شکایت ہوگی۔ اس لیے بہتر یہی ہے کہ پورا سچ خود ہی بیان کر دیجیے۔
