Baaghi TV

رکن بلوچستان اسمبلی علی مدد جتک وزیرداخلہ بلوچستان مقرر

بلوچستان کی صوبائی سیاست میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں رکن بلوچستان اسمبلی علی مدد جتک کو باضابطہ طور پر وزیرداخلہ بلوچستان مقرر کر دیا گیا ہے۔

علی مدد جتک نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، گورنر بلوچستان نے ان سے حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس کوئٹہ میں منعقد ہوئی، جس میں صوبائی کابینہ کے اراکین، اعلیٰ سرکاری افسران اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران آئینی تقاضوں کے مطابق حلف لیا گیا اور نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد علی مدد جتک نے وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھال لیا۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ بلوچستان کا اہم قلمدان گزشتہ دو سال سے باقاعدہ وزیر کے بغیر تھا۔ اس عرصے کے دوران یہ ذمہ داری وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے پاس رہی، جو بطور وزیر داخلہ صوبے میں امن و امان، سیکیورٹی اور داخلی امور کی نگرانی کر رہے تھے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ علی مدد جتک کی بطور وزیرداخلہ تقرری ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب بلوچستان کو امن و امان، دہشت گردی، سرحدی سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس تناظر میں نئی تقرری کو صوبائی حکومت کی جانب سے انتظامی اور سیکیورٹی معاملات کو مزید مؤثر بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

More posts