دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کو ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اس اہم اجلاس میں شریک ہوگا۔
ذرائع کے مطابق یہ مذاکرات رواں ہفتے استنبول میں منعقد ہوں گے اور ان مذاکرات کو بیک ڈور کوششوں کے ذریعے ممکن بنایا گیا ہے، جس میں پاکستان اور ترکی نے اہم کردار ادا کیا۔ امریکی اور ایرانی حکام کے مطابق جوہری مذاکرات جمعے کو ترکی میں دوبارہ شروع ہوں گے، جو مئی 2023 سے تعطل کا شکار تھے۔
علاقائی عہدیدار کے مطابق مذاکرات میں سعودی عرب، قطر، عمان، پاکستان، مصر اور متحدہ عرب امارات کو مدعو کیا گیا ہے۔ ایرانی سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران استنبول مذاکرات کے حوالے سے نہ پُرامید ہے نہ مایوس، اور یہ بات چیت طے کرے گی کہ آیا امریکہ سنجیدہ اور نتیجہ خیز مذاکرات چاہتا ہے یا نہیں۔
ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ ایران کی دفاعی تیاریوں پر کسی بھی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی اور ہر ممکنہ صورتحال کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
دفتر خارجہ کی ایران امریکہ مذاکرات میں پاکستان کی شرکت کی تصدیق
