Baaghi TV

بھارت ،عام آدمی پارٹی کے رہنما کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا

بھارتی ریاست پنجاب کےضلع جالندھر میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے رہنما لکی اوبرائے کو دن دیہاڑے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔

یہ لرزہ خیز واقعہ جالندھر کے مصروف اور حساس علاقے ماڈل ٹاؤن میں واقع ایک گوردوارہ صاحب کے باہر پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے کھلے عام قانون کی دھجیاں اڑا دیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گوردوارے کے باہر گھات لگا کر لکی اوبرائے پر اچانک حملہ کیا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران لکی اوبرائے اپنی گاڑی میں موجود تھے اور حملہ آوروں نے انتہائی قریب سے فائر کیے، جن میں سے کم از کم پانچ گولیاں ان کے جسم کو لگیں۔ فائرنگ اتنی شدید تھی کہ موقع پر موجود افراد خوف و ہراس کا شکار ہو گئے اور علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔فائرنگ کے فوراً بعد شدید زخمی حالت میں لکی اوبرائے کو قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ ڈاکٹروں نے اسپتال پہنچنے پر ہی ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کر دی گئی۔ فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کیے جبکہ قریبی علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ حملہ آوروں کی شناخت کی جا سکے۔ پولیس نے موٹر سائیکل سوار ملزمان کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔پولیس حکام کے مطابق قتل کے محرکات تاحال واضح نہیں ہو سکے، تاہم تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جن میں ذاتی دشمنی، سیاسی مخالفت اور دیگر ممکنہ عوامل کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اس واقعے کے بعد عام آدمی پارٹی کے کارکنان اور رہنماؤں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، جبکہ سیاسی حلقوں نے اس قتل کی مذمت کرتے ہوئے پنجاب میں امن و امان کی صورتحال پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ لکی اوبرائے کے قتل نے نہ صرف جالندھر بلکہ پورے پنجاب میں سیکیورٹی خدشات کو ایک بار پھر نمایاں کر دیا ہے۔

More posts