اسلام آباد میں امن و امان کی صورتِ حال کا جائزہ لینے اور سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیف کمشنر اور چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور انسپکٹر جنرل پولیس سید علی ناصر رضوی نے کی۔
اجلاس میں مشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد کی کڑی نگرانی اور ان سے متعلق مکمل ڈیٹا مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حکام نے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر مانیٹرنگ مزید سخت کرنے اور اسلام آباد میں آمد و رفت کی نگرانی کے لیے جدید نظام متعارف کرانے پر اتفاق کیا۔
آئی جی اسلام آباد پولیس نے کہا کہ شہریوں کی جان، مال اور عزت کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور فورس چوبیس گھنٹے سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے متحرک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈپلومیٹک انکلیو اور ریڈ زون سمیت پورے شہر میں سیکیورٹی مزید بہتر بنائی جا رہی ہے جبکہ سیف سٹی نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ شہری علاقوں میں گھر گھر سروے مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ دیہی علاقوں میں یہ عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شہر کے داخلی راستوں پر نگرانی بڑھانے اور گشت میں اضافے پر بھی زور دیا گیا تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔
اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال پہ اجلاس، سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ
