Baaghi TV

سیکریٹری آئی ٹی کی فائر وال ہٹانے کی تردید، ویب مینجمنٹ سسٹم کی فعالیت پر بریفنگ

‎سیکریٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام ضرار ہاشم نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں فائر وال ہٹانے کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ویب مینجمنٹ سسٹم (ڈبلیو ایم ایس) مکمل طور پر فعال ہے اور اس کی وجہ سے انٹرنیٹ کی رفتار میں کسی قسم کی تکنیکی تاخیر نہیں آتی۔ سید امین الحق کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے نے وضاحت کی کہ یہ سسٹم 2006 سے زیرِ استعمال ہے اور اب تک چار بار اپ ڈیٹ ہو چکا ہے، جبکہ 2023 میں اسے آخری بار جدید بنایا گیا۔
‎چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ حکومتی اور عدالتی احکامات پر اب تک سات مختلف پلیٹ فارمز کو بند کیا گیا ہے، جن میں ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) کی بندش بھی اسی ویب مینجمنٹ سسٹم کے تحت عمل میں آئی۔ انہوں نے قومی سلامتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل سرحدوں کا تحفظ ناگزیر ہے اور اسی سسٹم کی بدولت ماضی میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی سائبر حملوں کو ناکام بنایا گیا تھا۔
‎اجلاس میں ٹیلی کام سیکٹر کے مستقبل پر بھی بات ہوئی۔ ڈی جی لائسنسنگ پی ٹی اے عامر شہزاد نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے لیے چھ بینڈز پیش کیے جا رہے ہیں، جس کے لیے بولی جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 فروری مقرر تھی اور نیلامی کا حتمی عمل 10 مارچ کو ہوگا۔ مزید برآں، پی ٹی اے نے 10 مارچ سے قبل دو ٹیلی کام کمپنیوں کے انضمام کے عمل کو مکمل کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

More posts